ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھانے والی وجہ دریافت

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ چند برسوں سے طبی ماہرین کی جانب سے یہ جائزہ لیا جا رہا ہے کہ رات کو گھروں اور دیگر مقامات کو روشن کرنے کے لیے استعمال ہونے والی لائٹس سے لوگوں کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔مثال کے طور پر نومبر 2022 کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ باہر لگائی جانے والی مصنوعی روشنیوں میں زیادہ وقت گزارنے سے ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔مارچ 2023 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ رات کو سونے کے دوران کسی بھی قسم کی روشنی کے استعمال سے بڑھاپے میں ذیابیطس، موٹاپے اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔اب ایک نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ رات کے وقت مکمل تاریکی کرکے نہ سونے سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔جرنل Jama network open میں تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد روشن کمروں میں سوتے ہیں، ان میں ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 56 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔اسی طرح دل کی شریانوں کے مرض کا خطرہ 32 فیصد اور فالج کا خطرہ 28 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔اس تحقیق میں 49 سے 69 سال کی عمر کے 5 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔ان افراد کو 2013 سے 2022 کے درمیان ایک ہفتے تک لائٹ ٹریکرز پہنا کر رات ساڑھے 12 بجے سے صبح 6 بجے تک روشنی میں رہنے کے اثرات کا تجزیہ کیا گیا۔مجموعی طور پر ان افراد کی صحت کا جائزہ 9 سال تک لیا گیا۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ زیادہ روشنی میں سونے کے عادی افراد میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ 47 فیصد جبکہ دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کے عارضے کا خطرہ 32 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔مردوں کے مقابلے میں خواتین میں ہارٹ فیلیئر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ نوجوانوں میں بھی زیادہ روشنی میں سونا ہارٹ فیلیئر اور دل کی دھڑکن کی بے تربیتی کا خطرہ بڑھاتا ہے۔البتہ محققین نے تسلیم کیا کہ یہ تحقیق محدود ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تحقیق میں صرف تعلق بتایا گیا ہے مگر یہ ثابت نہیں کیا جاسکا کہ رات کے وقت روشنی میں رہنے سے امراض قلب کا سامنا کیوں ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر رات کو کمرے میں مکمل تاریکی کرنا ممکن نہیں تو مدھم روشنی کا استعمال کرنے کی کوشش کریں۔محققین کے مطابق یہ اس حوالے سے اب تک ہونے والی سب سے بڑی تحقیق ہے اور شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ رات کو روشنی کی زد میں رہنے سے جسم کی اندرونی گھڑی متاثر ہوتی ہے۔محققین نے بتایا کہ روشنی ہمارے اردگرد کے ماحول ایک ایسا عنصر ہے جس سے انسانی صحت پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جسم کی اندرونی گھڑی ہمارے جسم کے تمام افعال کو کنٹرول کرتی ہے اور روشنی وہ اہم ترین عنصر ہے جس کو مدنظر رکھ یہ اندرونی گھڑی کام کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں