پشاور( بیورو چیف)گورنر خیبر پختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری اولین ترجیح ہے، عوام کا اعتماد بحال کیے بغیر کامیابی ممکن نہیں، شکست کا تصور ذہن سے نکالنا ہوگا،دہشتگردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ماضی میں یہ بیانیہ پھیلایا جاتا رہا کہ یہ ہماری نہیں بلکہ کسی دوسرے ملک کی جنگ ہے، ایسے تصورات نے عوام میں بداعتمادی پیدا کی، جسے ختم کرنا ضروری ہے،ریاست کے خلاف جنگ کرنے والوں سے کھلی جنگ ہوگی، ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی بلکہ انہیں انہی کی زبان میں جواب دیا جائے گا،افغانستان،بھارت اور اسرائیل کی سہولت کاری کررہا ہے اور ڈرونز بھی وہیں سے بھیجے جاتے ہیںانٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکو سیاسی اونرشپ دی جائے گی ،خیبرپختونخوا ہ پولیس کو مکمل سپورٹ اور جدید اسلحہ فراہم کیا جائے گا،گالم گلوچ اوردھمکیاں کسی بھی طورمناسب نہیں،گزشتہ حکومت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ریاست کا ساتھ نہیں دیا،مولانا فضل الرحمان کی وجہ سے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں نہیں روکی جا سکتیں۔مشیر امور داخلہ و قبائلی علاقہ جات اور سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2008 میں جب صوبے میں حکومت قائم ہوئی تو خیبر پختونخوا ہ بارود، خودکش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی زد میں تھا، حالات اس نہج پر پہنچ چکے تھے کہ شدت پسند کسی بھی وقت سوات پر قبضہ کرسکتے تھے،بعد ازاں آپریشن کے ذریعے علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کیا گیا جبکہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کیا گیا، اس عمل میں عوام نے بھرپور تعاون کیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی نرمی کی گنجائش نہیں، یہ ہماری پہلی ترجیح ہے، عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، کیونکہ جب لوگ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے تو کامیابی کا راستہ ہموار ہوگا۔اس سلسلے میں پولیس کا کردار انتہائی اہم ہے،ہر علاقے کے ایس ایچ او اور مقامی عمائدین کے درمیان براہ راست رابطہ ہوتا ہے، اس لیے پولیس عوام کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے میں بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سکیورٹی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، شہریوں کو یقین ہونا چاہیے کہ ان کے بچے سکول، کالج اور کھیل کے میدانوں میں جائیں تو محفوظ واپس آئیں گے، اسی طرح کاروبار اور ملازمت کے لیے جانے والے افراد بھی خیریت سے گھروں کو لوٹیں گے۔انہوں نے خیبر پختونخوا ہ کے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔فیصل کریم کنڈی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم ایسے موڑ پر پہنچ چکے ہیں جہاں واپسی کی گنجائش نہیں اور شکست کو اپنی لغت سے نکالنا ہوگا،پاکستان کی تاریخ میں ہمارا ذکر اچھے الفاظ میں ہو اس کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔




