ہنر مند افرادی قوت کی تیاری،FCCIاور نمل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز(نمل) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت دونو ں ادارے تعلیم، ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور نمل سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی پلیسمنٹ کیلئے مل کر کام کریں گے۔ آج فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ اور نمل کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر(ر) ڈاکٹر محمد سلیم نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ یادداشت کے مطابق نمل فیصل آباد چیمبر کے ممبران کے 80فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے بچوں کو ٹیوشن فیس میں 50فیصد رعایت دے گا جبکہ نمل کی مروجہ داخلہ پالیسی سے ہٹ کے ہر فیکلٹی میں چیمبر کے سفارش کردہ 2سے 3طلبہ کو داخلہ بھی دیا جا سکے گاتاہم اِن طلبہ کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے معیار پر پورا اترنا ضروری ہوگا۔ اسی طرح ضرورتمند طلبہ کو فیس کی اقساط میں ادائیگی کی سہولت بھی دی جائے گی۔ نمل اپنے طلبہ کو زمینی حقائق کے مطابق تعلیم دینے کیلئے چیمبر کے سرکردہ عہدیداروں سے مشاورت کرے گا جبکہ چیمبر نمل کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کیلئے بزنس سے متعلقہ ماہرین مہیا کرے گا اس طرح طلبہ کی تربیت اور راہنمائی کیلئے کاروباری افراد بزنس انکوبیشن سنٹر کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ چیمبر نمل کے فارغ التحصیل طلبہ کی عملی تربیت کیلئے انٹر ن شپ کی سہولت بھی مہیا کرے گا جن میں سے مناسب طلبہ کو ملازمت کی پیشکش بھی کی جا سکتی ہے۔ صدر چیمبر فاروق یوسف شیخ اور بریگیڈیئر(ر)محمد سلیم نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے اور اِن کا تبادلہ بھی کیا۔ صدر چیمبر نے اس سلسلہ میں نمل کے ریجنل ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر اپنے 22ہزار ممبران کے کاروباری مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اُن کو ضروری سہولتیں بھی مہیا کر رہا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اِس موقع پر سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ ،نائب صدر انجینئر عاصم منیر اور سابق صدر چیمبر عاطف منیر شیخ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں