ہیلمٹ نہ پہننے کی آڑ میں2ہزار کا چالان ظلم کے مترادف ہے،حاجی محمد عابد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کا اجلاس چیئرمین حاجی محمد عابدکی قیادت میںہوا’ اجلاس کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی ٹریفک سٹی محترمہ ارم ناز تھیں’ اجلاس میں ایف سی سی آئی کے سینئر نائب صدر شیخ قیصر شمس گچھا’ممبران حاجی اسلم بھلی’رانا ایوب منج’ملک شاہد رسول’رانا اکرام اللہ’آفتاب احمد بٹ’عبدالرحمن مانی’مرزا شہباز کے علاوہ ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ایف سی سی آئی کے چیئرمین قیصر شمس گچھا اور کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد عابد نے ڈی ایس پی ٹریفک سٹی محترمہ ارم ناز کو بتایا کہ شہر میں ٹریفک چالانوں کی منڈی لگی ہوئی ہے’ جگہ جگہ ٹریفک کانسٹیبلوں کے جتھے سینکڑوں کی تعداد میں چالان کر رہے ہیں’ ایک عام شخص جو کرایہ بچانے کی خاطر اپنی بائیک پر سڑک پر نکلتا ہے تو ٹریفک کانسٹیبل ہیلمٹ نہ پہننے کی آڑ میں دو’ دو ہزار کے چالان کر رہا ہے جو غریب آدمی پر ظلم ہے’اس کے علاوہ پارکنگ کمپنی نے جگہ جگہ پارکنگ قائم کر رکھی ہے اور عام آدمی جیبوں سے پیسے نکالے جا رہے ہیں’ ہماری آپ سے اپیل ہے کہ ایک تو ٹریفک چالانوں کی رفتار کو کم کریں اور دوسرا پارکنگ کمپنی کو محدود جگہ پر پارکنگ کی اجازت دی جائے’ کمیٹی کے ممبران رانا ایوب منج’ ملک شاہد رسول’ رانا اکرام اللہ ‘ آفتاب احمد بٹ’ عبدالرحمن مانی’ مرزا شہباز نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک سٹی محترمہ ارم ناز کو بتایا کہ شہر کے مصروف چوکوں میں چنگ چی والوں نے ادھم مچا رکھا ہے’ شہر کے مصروف چوک عبدالرشید غازی سابقہ جی ٹی ایس چوک’ ریلوے ایشن چوک’ جھنگ روڈ’ لاری اڈہ’ ڈھڈی والا اور دیگر چوکوں میں چنگ چی کی بھرمار نے ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالا ہوا ہے’ ہماری اپیل ہے کہ چنگ چی رکشوں کا مناسب انتظام کیا جائے’ ڈی ایس پی ٹریفک سٹی محترمہ ارم ناز نے سٹیڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے ممبران کے مسائل سنے اور ان پر مناسب کاروائی کی یقین دہانی کروائی’ انہوں نے کہا کہ میں خود ان ایریاز کا وزٹ کروں گی اور آپ کو جو بھی ٹریفک کے مسائل ہیں انہیں حل کرائوں گی’ انہوں نے کہا کہ آپ کی شکایات اپنے سینئر افسران تک پہنچائوں گی اور انہیں حل کیا جائے گا’

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں