یاسمین راشد کا سزا معطلی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع

لاہور(بیوروچیف) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے 9مئی واقعات کے تین مقدمات میں سنائی گئی سزائوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر دیں۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزائیں حقائق کے برعکس ہیں۔ درخواست گزار کی جانب سے اپیلوں میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اپیلوں کے حتمی فیصلے تک سزائوں کو معطل کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کا حکم دے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے تھانہ شادمان حملہ، شیرپا پل جلائو گھیرائو اور جناح ہائوس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں اپیلیں دائر کی ہیں، انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ان تینوں مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو 10، 10سال قید کی سزا سنا رکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں