اسلام آباد (بیوروچیف) محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے ملک میں مون سون سیزن کے آغاز کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر سے مون سون ہواں کے داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث یکم جولائی سے پنجاب کے شمال مشرقی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔دوسری جانب شہر میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے۔ تیز دھوپ کے باعث موسم مزید گرم ہو گیا ہے اور سورج آگ برساتا محسوس ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 53فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شہر میں 10کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر میں آج بھی بارش ہونے کا امکان موجود ہے، تاہم شہریوں کو گرمی اور حبس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔




