1خودکشی،سیڑھیو ں سے گر کر شہری جاں بحق،مبینہ مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ2ڈاکو ہلاک

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) گھریلو حالات کی ستائی خاتون نے زہریلی کیمیکل پی کر خود کشی کر لی، سیڑھیوں سے گر کر شہری جاں بحق، مبینہ پولیس مقابلہ ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گئے،مضر صحت گوشت فروخت کرتے قصاب گرفتار، مختلف واقعات میں خاتون سمیت4 افراد لہولہان، چالاک ملزمان کا کار وبار کا جھانسہ دیکر تین شہریوں کے ساتھ 70لاکھ کا فراڈ، تفصیل کے مطابق ملت ٹائون کی رہائشی29سالہ اقراء لیاقت زوجہ لیاقت نے گھریلو پریشانیوں سے دلبرادشتہ ہو کر زہریلا کیمیکل پی کر خود کشی کر لی۔ جبکہ متوفیہ کے لواحقین کا سسرالیوں کیخلاف زہریلی چیز کھلانے کا الزام،پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی، جبکہ471گ ب کا رہائشی33سالہ امتیاز ولد سردار بالائی منزل سے سیڑھیاں اترتے ہوئے پائوں پھسلنے سے فرش پر آ کر گر، سر میں شدید چوٹ آنے پر ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ کو اطلاع ملی تھی کہ 6مسلح ملزمان جوڑے پل پر واردات کر رہے ہیں جس پر انہوں نے عملہ کے ہمراہ جوڑے پل پر ریڈ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو آتا دیکھ کر سیدھی فائرنگ کر دی، اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کا سلسلہ بند ہوا تو پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو افراد زخمی حالت میں پڑے تھے۔ جن کی شناخت محسن ولد سلیمان اور ذیشان عرف شانی ولد خالد سکنہ 243 رب جھوک کھرلاں کے ناموں سے ہوئی۔ جن کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا جا رہا تھا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے ذیشان عرف شانی ریکارڈ یافتہ 30 سے زائد وارداتوں اور محسن بھی ریکارڈ یافتہ اور 50 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ہلاک ہونیوالے ڈکیت ہائوس رابری’ راہزنی’ موٹرسائیکل چھیننے اور دوران واردات شہریوں کو گولیاں مارنے کے 60سے زائد مقدمات میں بھی ملوث تھے۔ جبکہ ان کے 4ساتھی رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایڈیشنل فوڈ سیفٹی آفیسر طلحہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منصورآباد کے علاقہ فاروق آباد میں بدرمنیر قصاب کی دکان کا معائنہ کیا تو جہاں پر صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار تھی اور فریزر میں بھاری مقدار میں ناقص’ بدبودار گوشت برآمد کر کے قصاب کو حوالہ پولیس کر دیا۔ مدینہ ٹائون کے علاقہ کوہ نور سٹی میں مشتعل افراد نے معمولی تلخ کلامی پر شہناز بی بی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا’ 535 گ ب میں عداوت کی بناء پر مسلح افراد فاروق وغیرہ نے ریاض’ بلال ٹائون میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان حبیب وغیرہ نے رخسانہ بی بی کے گھر داخل ہو کر تشدد کر کے لہولہان کر دیا، پرانی دشمنی کی بناء پر 232 رب میں مخالفین نے اویس اور وقاص کو مار مار کر بُری طرح زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں سول لائن کے طاہر مقصود نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم مطاہر نے کاروبار کی غرض سے 29لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی۔ ریلوے روڈ کے تاجر احمد سعید کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم محسن نے 25لاکھ کا مال لیکر بدلے میں چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ سوساں روڈ کے نیاز علی نے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم فصیح الرحمن نے 6لاکھ امانت لیکر واپس نہ کئے، مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں