10روزمیں 1لاکھ78ہزارعازمین حج کی رجسٹریشن

اسلام آباد(بیوروچیف) وزارت مذہبی امور کے آن لائن حج پورٹل کے ذریعے 10دنوں میں 1 لاکھ 78ہزار حج درخواستوں کی رجسٹریشن ہو چکی۔وزارت کے ترجمان کے مطابق موجودہ حکومت کے وژن کے تحت حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے اقدامات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، آن لائن حج پورٹل اور موبائل ایپ پاک حج کے ذریعے عازمین حج کو گھر بیٹھے آسان، شفاف اور تیز رفتار رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن کے ابتدائی 10دنوں میں میں ایک لاکھ 78ہزار سے زائد عازمین حج نے بغیر کسی دفتری کارروائی کے اپنی حج رجسٹریشن مکمل کی جسے عوامی سطح پر ڈیجیٹل گورننس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔عوامی حلقوں نے نئے ڈیجیٹل نظام کو سراہتے ہوئے اسے سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت، سہولت اور جدید طرز حکمرانی کی جانب ایک موثر پیشرفت قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق حج واجبات کی وصولی بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہونے کی طرف گامزن ہے، رجسٹریشن کے بعد اگلے مرحلے میں حج واجبات کی ادائیگی کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے۔منصوبے کے تحت عازمین حج آن لائن حج پورٹل یا موبائل ایپ پاک حج کے ذریعے گھر بیٹھے اپنے حج واجبات ادا کر سکیں گے، اس مقصد کے لئے ون لنک کے ذریعے حج واجبات کی وصولی کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت عازمین حج کو بینکوں یا دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ رجسٹریشن سے لے کر ادائیگی تک تمام مراحل چند کلکس کے ذریعے مکمل کئے جا سکیں گے۔یہ نیا ڈیجیٹل ماڈل سمندر پار پاکستانیوں کے لئے بھی ایک بڑی سہولت بن کر سامنے آ رہا ہے کیونکہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے سے اپنی حج رجسٹریشن، درخواست کا سٹیٹس اور حج واجبات کی ادائیگی کا عمل با آسانی مکمل کر سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں