10 سیکنڈز میں رقم بھیجنے کی سہولت متعارف

دبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ عرب امارات میں عانی (Aani)پلیٹ فارم کے ذریعے اب صرف موبائل نمبر استعمال کرتے ہوئے10سیکنڈ کے اندر رقم بھیجی یا وصول کی جا سکتی ہے،اس کے لیے بینک اکائونٹ نمبر یا آئی بی اے این دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ سہولت “عانی” (Aani) پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔ عانی پلیٹ فارم کے ذریعے صرف فون نمبر کے ذریعے رقم منتقل کرنے کی سہولت ہے، بل کو آسانی سے دوستوں کے ساتھ تقسیم کرنے کی سہولت، دکانوں اور ریسٹورنٹ میں کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے ادائیگی کا فیچر اور ادائیگی کی درخواستوں کو منظم کرنے کا اختیار، جیسے زیر التوا درخواست کو قبول یا مسترد کرنا۔ یہ سروس صرف یو اے ای کے اندر کام کرتی ہے اور فی الحال 30 سے زائد بینکوں اور مالیاتی اداروں نے اس میں شمولیت اختیار کی ہے، جن میں ADCB، Emirates NBD، Dubai Islamic Bank، Mashreq، HSBC، Al Ansari Exchange اور دیگر شامل ہیں۔ عانی کو استعمال کرنا آسان ہے اس کے لئے صارفین اپنی بینک کی موبائل ایپ کے ذریعے عانی میں رجسٹر کریں، یہاں اکائونٹ منتخب کرنے، ایمریٹس آئی ڈی، موبائل نمبر اور لاگ ان تفصیلات فراہم کرنے کو کہا جائے گا۔ بینک کی جانب سے ای میل یا نوٹیفکیشن کے ذریعے تصدیق ملنے کے بعد آپ عانی استعمال کر سکیں گے۔ فیس (Charges) ہر بینک یا مالیاتی ادارہ اپنی پالیسی کے مطابق طے کرے گا، یہ سہولت صرف ان صارفین کے لیے ہے جن کا اکائونٹ کسی رجسٹرڈ بینک یا ادارے میں موجود ہے، اس کے لیے یا تو متعلقہ بینک کی موبائل ایپ استعمال کی جا سکتی ہے یا پھر عانی ایپ (iOSاور اینڈرائیڈ پر دستیاب)ڈائون لوڈ کی جا سکتی ہے۔ ہر لین دین میں زیادہ سے زیادہ 50 ہزار درہم بھیجے جا سکتے ہیں، یہ سہولت صرف ان صارفین کے لیے دستیاب ہے جو کسی لائسنس یافتہ بینک یا مالیاتی ادارے کے ساتھ اکائونٹ رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں