10 ہزار پتنگیں برآمد

لاہور (بیوروچیف) لاہور پولیس صوبائی دالحکومت میں ہنگامی بنیادوں پر پتنگ بازی نیٹ ورک کے خلاف کمر توڑ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملزمان کی ریکی کے ذریعے پتنگ سازی کے بڑے بڑے نیٹ ورک تباہ اور سہولت کار وں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ شہر لاہور میں پتنگ سازوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے میاں بیوی اور سہولت کاروں پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے دس ہزار سے زائد پتنگیں برآمد کی گئیں۔ میاں بیوی سمیت قاسد، تصور اور بشارت پنجاب اور دوسرے صوبوں میں پتنگیں فروخت کرتے تھے۔اُنہوں نے بتا یا کہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے بھی دو پتنگ ساز فیکٹریاں پکڑلیں،قبضہ سے 800پتنگیں ، ہزاروں کا خام مال برآمد کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ لاہور پولیس کا اصل مقصد پتنگ سازی کا نیٹ ورک توڑنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ رواں سال اب تک 262 پتنگ ساز پکڑے گئے جبکہ 15 ہزار سے زائد پتنگیں تلف کی جا چکی ہیں۔اس کے علاوہ آن لائن پتنگیں فروخت کرنے والے 13 گینگ بھی جیل بھجوائے جا چکے ہیں۔فیصل کامران نے مزید کہا کہ پتنگ بازی ایک خونی کھیل ہے، کوئی معافی نہیں۔خونی کھیل کو فروغ دینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں