12ارب کا پیکج منظور،ایسٹرن،ویسٹرن علاقوں میں سیوریج کی اپ گریڈیشن مکمل کی جائیگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعلی پنجا ب مریم نواز شریف کی احکامات پر پنجاب حکومت نے فیصل آباد کے شہریوں کیلئے 12 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی منظور دیدی ہے جس کے تحت شہر کے ایسٹرن اور ویسٹرن علاقوں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن مکمل کی جائے گی ۔ اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر پنجاب حکومت کی جانب سے 12 ارب روپے مالیت کا پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج منظور کیا گیا ہے جس کے تحت شہر کے دوان اطراف ایسٹ اور ویسٹ میں صرف سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے ترقیاتی پیکج کے تحت سکیموں کے حوالے سے ابتدائی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں ، ٹینڈرز ہو چکے ہیں اور ٹیکنیکل بڈز جمع کروائی جا چکی ہیں اور قوی امید ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے سے ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام شروع کروا دئیے جائیں گی۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے مزید کہا کہ مذکورہ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت نئی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ سیوریج کی پرانی لائنوں کو تبدیل کرکے مکمل طور پر بحال کیا جائیگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کے ترقیاتی پیکج کے تحت نئی ترقیاتی سکیموں کے مکمل ہونے سے نہ صرف شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز میں مزید بہتری آئے گی جبکہ شہریوں کے سیوریج سے متعلقہ مسائل بھی جامع اور موثر طریقے سے حل ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں