190ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلہ کی نئی تاریخ مقرر،13جنوری کو سنایا جائیگا

اسلام آباد(بیوروچیف) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190ملین پائونڈز ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر موخر کر دیا گیا۔عدالتی عملے کے مطابق جج ناصر جاوید رانا آج رخصت پر ہیں ، کیس کا فیصلہ اب 13جنوری کو سنایا جا ئے گا، عدالتی عملے نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری کو آگاہ کر دیا۔عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی عملے نے بتایا ہے فیصلہ آج نہیں سنایا جائے گا۔یاد رہے کہ عدالت نے 190ملین پائونڈ ریفرنس کا فیصلہ 18دسمبر کو محفوظ کیا تھا، پہلے 23دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کر کے 6جنوری مقرر کی تھی۔خیال رہے کہ نیب نے 13نومبر 2023کو 190ملین پائونڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی تھی اور 17دن تک بانی پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی تھی۔ واضح رہے کہ 190ملین پائونڈ ریفرنس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف یہ واحد کیس ہے جس کا ٹرائل ایک سال تک چلا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں