3ایف سی اہلکار شہید

اپردیر (نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر میں دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کم از کم 3اہلکار شہید ہوگئے ۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اپر دیر کی تحصیل براول میں باڑہ رائفلز کی163 ونگ پر عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔افغانستان کی سرحد سے چند سو میٹر کے فاصلے پر قائم یہ چیک پوسٹ ابتدائی طور پر عسکریت پسندوں کے قبضے میں چلی گئی تھی تاہم مقامی رضاکاروں کی مدد سے جوابی کارروائی میں انہیں پیچھے دھکیل دیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 3فوجی جوان شہید جبکہ 3زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم ان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خیبر پختونخوا کے سرحدی اضلاع میں عسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حالیہ ہفتوں میں سیکیورٹی اہلکار اور عام شہری بڑھتے ہوئے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں