3خودکشیاں،ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت3جاں بحق

فیصل آباد’چنیوٹ(سٹاف رپورٹر/نامہ نگار) بیوی کے ناراض ہونے پر شوہر نے گلے میں پھندا ڈال کر جبکہ حالات کے ستائے دو افراد نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی موٹر سائیکل سوار چنیوٹ کے غلام مرتضیٰ اوراس کی والدہ سلیمہ کار کی ٹکر سے چل بسے کاروبار کا جھانسہ دیکر 3تاجروں کو کنگال کر دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تھانہ رضا آباد کے علاقہ رضا ٹائون کے رہائشی علی اختر کی اہلیہ گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر میکے گئی تھی تو علی اختر نے دل برداشتہ ہو کر گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی، جبکہ حالات سے تنگ آ کر جھنگ روڈ کے 30سالہ فیضان ولد نواب اور ستیانہ کے علاقہ40سالہ اعظم نے گھر والوں سے جھگڑ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں، جبکہ ایکسپریس وے پر تیز رفتار کار نے سڑک عبور کرتے ہوئے پیدل شخص ذوالفقار کو کچل دیا ، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی، علاوہ ازیں جھنگ بازار کے علاقہ بھٹہ سٹاپ عداوت کی بنیاد پر مخالفین نقاب گل وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر کے امجد کو بری طرح زخمی کر دیا۔ مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، علاوہ ازیں کاروبا ر کا جھانسہ دیکر ریلبازار کے تاجر شہزاد سے اس کے واقف کار ملزم عمر افتخار جھنگ بازار کے تاجر احمد علی سے اس کے جاننے والے ملزم یاسر اقبال اور لیاقت روڈ کے ندیم عباس سے ملزم مصدق نے لاکھوں روپے حاصل کر کے بدلے میں چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں