3مبینہ پولیس مقابلے،2ڈاکو ہلاک،کانسٹیبل سمیت3قتل ،کرنٹ لگنے سے شہری چل بسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف مقامات پر تین مبینہ پولیس مقابلوں میں دو خطرناک ڈاکو ہلاک’ دو زخمی حالت میں گرفتار’ ایک ماہ قبل لاپتہ ہونے والے کانسٹیبل کی نعش برآمد’ خواتین کی لڑائی کے دوران 8ماہ کی بچی جاں بحق’ کرنٹ لگنے سے شہری چل بسا’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق سی سی ڈی انچارج لائلپور ٹائون صدیق چیمہ نے بتایا کہ جب وہ ریڈ کر کے باردیکے علاقہ تھانہ ٹھیکری والا سے جب 79 ج ب روڈ پر پہنچے تو چار مسلح ملزمان واردات کر رہے تھے جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی، سی سی ڈی کی جوابی فائرنگ کے دوران ڈاکو موٹرسائیکل چھوڑ کر قریبی باغ میں چھپ گئے، فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر سرچ آپریشن کیا تو کھیتوں سے 2ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جس کی شناخت بلال حیدر ولد یونس سکنہ تاج کالونی گلی نمبر5 جو کہ 50سے زائد مقدمات کا ریکارڈ یافتہ اور شہزاد ولد خالد سکنہ 214 رب جو کہ 20 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، ان کو گرفتار کر کے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ جڑانوالہ پولیس 211 رب کے رہائشی ریکارڈ یافتہ ڈاکو عمران کو ریکوری کیلئے لے جا رہی تھی کہ جب وہ 501 گ ب کے قریب پہنچے تو اس کے تین مسلح ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور ساتھی کو چھڑوا کر فرار ہو گئے، جسکی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر انسپکٹر عاصم مہیس’ سب انسپکٹر ثقلین رضا نے پولیس پارٹی کے ہمراہ ملزمان کا پیچھا کیا تو مین روڈ کھرڑیانوالہ سیم پل کے قریب گھیر لیا، جوابی فائرنگ کے دوران عمران ڈکیت زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو چکے تھے، پولیس نے مضروب ڈکیت کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمی ڈاکو عمران مختلف تھانوں میں 50 سے زائد مقدمات کا ریکارڈ یافتہ ہے جبکہ تھانہ سمن آباد کے علاقہ فرید چوک کے قریب سی سی ڈی ٹیم گشت کرکے آ رہی تھی کہ لوٹ مار کرنے والے 4کس ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی، تاہم جوابی فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو گولی لگنے سے زخمی ہو کر گر پڑا جبکہ اسکے ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، سی سی ڈی نے زخمی ڈاکو کو حراست میں لیکر ہسپتال پہنچایا جس کی شناخت شاہ رخ ولد ایرک سکنہ 51 گ ب سمندری کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔ علاوہ ازیں تھانہ منصورآباد کے علاقہ محلہ فاروق آباد میں 28سالہ اقراء دختر ریاض کا سسرالیوں سے جھگڑا رہتا تھا اور گزشتہ روز بھی سسرالیوں سے جھگڑا ہوا تو بلڈپریشر شوٹ کرنے پر تشویش ناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئی، متوفیہ کے لواحقین نے سسرالیوں پر قتل کا الزام عائد کیا تو پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ غلام محمد آباد کے علاقہ محلہ اسلام پورہ گلی نمبر5 کے رہائشی محمد عرفان کی اہلیہ کا اپنے ہمسایوں کاشف’ عامر’ عارف’ بانو بی بی اور ارم بی بی وغیرہ سے جھگڑا ہو گیا، عرفان کی اہلیہ کی گود میں اٹھائی 8ماہ کی بیٹی جنت کو مبینہ طور پر سر میں ڈنڈا لگنے سے گر کر بری طرح زخمی ہو گئی جسے طبی امداد کی غرض سے ہسپتال لایا گیا لیکن وہ زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ تھانہ ترکھانی میں تعینات کانسٹیبل ارشد ایک ماہ قبل 21 مئی کو لاپتہ ہو گیا تھا، تلاش کے باوجود اس کا پتہ نہ چلا گزشتہ روز منی بائی پاس کے قریب سیم نہر سے اسکی نعش برآمد ہوئی جس کے جسم پر گولیوں کے نشان تھے۔ تھانہ صدر کے علاقہ جڑانوالہ روڈ پر 209 رب صوفی دی مسجد کے قریب 38سالہ شخص محمد بلال سکنہ بجلی گھر سٹاپ جڑانوالہ روڈ کو کام کرتے ہوئے اچانک چکر آنے پر چلتے ہوئے بجلی کے پنکھے پر گر پڑا اور کرنٹ لگنے سے بے ہوش ہو گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو اس نے مذکورہ شخص کی موت کی تصدیق کر دی۔ نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں