7سالہ بچے کااندھا قتل ٹریس قاتل قریبی عزیز ہی نکلا

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس نے 7سالہ بچے شکیل کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے سفاک قاتل کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم مقتول کا قریبی رشتہ دار علی رضا نکلا، جس نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف بھی کر لیا۔پولیس کے مطابق دو روز قبل چک نمبر 71ج ب سرلی سے 7سالہ شکیل کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی، جس پر تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے بچے کی تلاش شروع کر دی۔ اگلے روز بچے کی لاش قریبی احاطہ نما مکان سے برآمد ہوئی، جہاں اسے تشدد کے بعد کپڑے والی رسی سے گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق کھیل کے دوران مقتول بچے کی جانب سے ملزم کی بہن کے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر ملزم مشتعل ہو گیا۔ اس نے بچے کو قریبی مکان میں لے جا کر باتھ روم میں کپڑے والی رسی سے گلا دبا کر قتل کر دیا۔ بچے کے ورثا نے بروقت کارروائی اور 24گھنٹوں کے اندر ملزم کی گرفتاری پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سی پی او فیصل آباد تنویر حسین، ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔سی پی او فیصل آباد نے کامیاب کارروائی پر ایس پی سعید احمد، ایس ایچ او علی عمران اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ایک لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل کو قانون کے مطابق قرار واقعی اور عبرتناک سزا دلوائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں