43

عمران خان کی گاڑی کو داخلے کی اجازت مسترد

لاہور(بیوروچیف) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گاڑی کو لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں داخلے کی اجازت مسترد کر دی گئی۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے بطور انتظامی جج فیصلہ سنایا۔عمران خان کے وکلا نے گاڑی کو احاطہ عدالت میں لانے کے لیے انتظامی سطح پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عمران خان کی ہائیکورٹ میں پیشی سے متعلق لیگل ٹیم عمران خان سے دوبارہ مشاورت کرے گی۔سکیورٹی کے پیش نظر، عمران خان کو جس عدالت میں پیش ہونا ہے اس کو بیریئر لگا کر پولیس کا حصار بنا دیا گیا۔ جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور عدالت کو جانے والے راستے کو بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔سابق وزیر اعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔ لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو حفاظتی ضمانت کی درخواست میں دستخط کی تصدیق کے لیے طلب کر رکھا ہے۔جسٹس طارق سلیم شیخ درخواست پر سماعت کریں گے، عمران خان کی جانب سے اظہر صدیق ایڈوکیٹ پیش ہوں گے۔گزشتہ روز تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا تھا اور پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے انتظامی جج عابد عزیز شیخ کو درخواست دی تھی۔درخواست میں موقف دیا تھا کہ عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر پیشی پر سیکیورٹی کلیئرنس کروائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں