فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کواقتدار ملا تو سب سے دن پہلی ضرب سودی نظام معیشت پر لگائیں گے، عدالتوں میں قرآن کا نظام متعارف کرائیں گے۔ ہم مسجد اقصیٰ اور کشمیریوں کی آزادی کا مقدمہ پوری جرات سے لڑیں گے، ڈاکٹر عافیہ کو واپس لائیں گے، خواتین کیلئے علیحدہ تعلیمی ادارے، ٹرانسپورٹ کا نظام،مائیکرو فنانس مہیا کی جائیگی۔ جماعت اسلامی کی کامیابی خاندانوں کی بادشاہت کی بجائے اللہ کی بادشاہت کے قیام کے لیے ہوگی۔ 8 فروری ملک لوٹنے والوں کایوم حساب ثابت ہوگا۔ دھوبی گھاٹ گرائونڈ فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک تباہ کیا، یہ پچیس پچیس برس تک حکومتیں کرنے کے باوجود باریاں مانگ رہے ہیں۔جلسہ سے صوبائی امیرجاوید قصوری ،ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ،صدر ڈسٹرکٹ بار میاں انوار الحق ایڈووکیٹ اور نامزد میدواران قومی وصوبائی اسمبلیوں نے خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورن لیگ لفظی گولہ باری کر کے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں،ڈیڑھ سال ایک ساتھ عوام کی گردنوں پرمسلط رہنے والوں کے چہروں کوقوم اچھی طرح پہچان چکی ہے۔
