فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) نجی شعبہ کی معاونت سے محکمہ تحفظ ماحولیات کو جدید سائنسی خطوط پر ڈیجیٹلائز کیا جائے گا جبکہ عوام میں صاف ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف ایپس بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ یہ بات محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عمران حامد شیخ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کا کردار سہولت کار کا ہونا چاہیے اور گزشتہ 4ہفتوں کے دوران انہوں نے اپنے محکمے میں اصلاحی اور انتظامی امور پر توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ماحولیاتی بہتری کیلئے کردار ادا کرنے والوں کو سراہا جاتا ہے اور وہ پنجاب میں بھی ایسا ماڈل متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے والے اداروں کیلئے اس سال 5جون کو ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر کمپلائنس ایوارڈ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا
