25

واسا کا بابر چوک ٹینکی میں نیا ڈیجیٹل سسٹم متعارف

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا نے جائیکا مشن کو پیپلز کالونی نمبر2 کے واٹر ڈسٹری بیوشن سنٹرز کا وزٹ کرایااور وہاں پر واسا فیصل آباد کے آپریشنز کی ورکنگ کے حوالے سے بریفنگ دی جسے جائیکا مشن نے سراہا۔ڈی ایم ڈی انجینئرنگ نے بتایا کہ جائیکا اور واسا فیصل آباد کی جانب سے بابر چوک ٹینکی میں نیا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے جو کہ مکمل کمپیوٹرائزڈ ہے جس میں پانی کے پریشر اور لیول سمیت دیگر امور کو متعلقہ کمپیوٹر پر مانیٹر کیا جا سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے مشرقی حصے کی آبادیوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی میں اضافہ کے لئے جھال خانوآنہ میں واٹر ڈسٹری بیوشن پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور نئے سال کے شروع میں پلانٹ سے پانی کی فراہمی کا آغاز ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پائلٹ ایریاز میں واٹر سپلائی کے لئے ڈسٹری بیوشن لائنز بچھا دی گئی ہیں جبکہ ٹینکیوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جو جلد مکمل کر لی جائے گی۔ جائیکا مشن کے اراکین نے مدینہ ٹائون ایکس بلاک کا بھی وزٹ کیا اور وہاں پر شہریوں کے واٹر سپلائی کے حوالے سے مختصر انٹرویوز بھی کئے۔ جائیکا مشن نے واضح کیا کہ واسا واٹر سپلائی کے پراجیکٹ کو احسن طریقے سے مکمل کررہا ہے اور مستقبل قریب میں جائیکا مزید ڈونر ایجنسیوں کو فیصل آباد لے کر آئے گا تا کہ فیصل آباد کی ترقی کے لئے منظور ماسٹر پلان میں شامل تمام منصوبوں کو من و عن اور نامکمل منصوبے کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ جائیکا مشن نے واسا افسران اور ٹیم کی واٹر سپلائی پراجیکٹ پر کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر نعمان نور،حسن مصطفیٰ ودیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں