مائیک ٹائسن نے13ملین ڈالر کا پر تعیش محل خرید لیا

نیو یارک (سپورٹس نیوز) سابق عالمی ہیوی ویٹ چمپئن مائیک ٹائسن نے فلوریڈا کے علاقے ڈیلرے بیچ میں 13ملین ڈالر کی شاندار جائیداد خرید کر مداحوں کو حیران کردیا۔یہ خریداری جیک پال کیخلاف ہونیوالے ہائی پروفائل مقابلے کے دو ماہ بعد ہوئی جو مائیک ٹائسن کی پروفیشنل باکسنگ کے کیریئر کا آخری مقابلہ تھا۔نومبر 15کو ہونیوالے اس مقابلے نے دنیا بھر کے شائقین کو اپنی طرف متوجہ کیا، جہاں 80 ہزار افراد نے سٹیڈیم میں بیٹھ کر مقابلہ دیکھا اور 60ملین افراد نے نیٹ فلکس پر براہ راست اس کا لطف اٹھایا۔ اگرچہ مائیک ٹائسن کو جیک پال کیخلاف متفقہ فیصلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے اسے اپنی ذاتی فتح قرار دیا۔ٹائسن نے سوشل میڈیا پر کہاکہ یہ ان لمحات میں سے ایک تھا جب آپ شکست کھا کر بھی جیت جاتے ہیں۔میں نے اپنی صحت کے مسائل کو شکست دی اور اپنے بچوں کے سامنے ایک کم عمر فائٹر کے ساتھ مقابلہ کیا جو میرے لئے سب سے بڑی کامیابی ہے۔خریدی گئی یہ جائیداد 12,000 مربع فٹ پر محیط ہے، جس میں چھ بیڈروم، نو باتھ رومز، ایک نجی جھیل، 80فٹ کا پول اور سپا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک مکمل جم، چار کاروں کا گیراج، اور وسیع و عریض گراونڈز بھی ہیں جو مکمل پرائیویسی فراہم کرتے ہیں۔ ٹائسن کی اہلیہ، لاکِیہ کی کیٹائسن کا نام بھی اس پراپرٹی کے دستاویزات میں شامل ہے، جو ان کی دیرینہ شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔جیک پال کے خلاف مائیک ٹائسن کا یہ مقابلہ نہ صرف ان کے کیریئر کا آخری مقابلہ تھا بلکہ نیٹ فلکس پر لائیو نشر ہونے والا پہلا بڑا باکسنگ ایونٹ بھی تھا، اس مقابلے سے ٹائسن نے 20ملین ڈالر کمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں