بچوں کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے قربانی دینی پڑتی ہے،شائستہ لودھی

لاہور (شوبز نیوز) ماضی کی مقبول مارننگ ٹی وی شو میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی کا کہنا ہے کہ ماضی میں مارننگ شو کے تنازع کے بعد جب ان کا ٹی وی کیریئر ختم ہوا تو انہوں نے گھر کے اخراجات چلانے کے لیے میک اپ سرجری کا کلینک کھولا۔شائستہ لودھی ماضی میں متعدد ٹی وی چینلز پر مارننگ شوز سمیت دیگر ٹی وی شوز کرتی رہی ہیں، تاہم ایک دہائی سے زائد عرصے سے وہ ٹی وی میزبانی سے دور ہیں۔ٹی وی میزبانی کا کیریئر ختم ہونے کے بعد شائستہ لودھی کچھ وقت تک اداکاری بھی کرتی دکھائی دیں اور انہوں نے مختصر اور معاون کردار بھی ادا کیے۔شائستہ لودھی اگرچہ ٹی وی میزبانی سے دور ہیں، تاہم وہ شوبز تقریبات میں نظر آنے کے علاوہ ٹی وی پروگراموں میں بھی بطور مہمان شریک ہوتی رہتی ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنا پوڈکاسٹ بھی کرتی ہیں۔حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ٹی وی میزبانی کا کیریئر ختم ہونے بعد وہ سخت مالی مشکلات کا شکار ہوگئیں تھیں، جس وجہ سے انہوں نے میک اپ سرجری کا کلینک کھولا۔حال ہی میں ڈاکٹر شائستہ لودھی 365 انٹرٹینمنٹ کے شو میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے اپنے بچوں کے لیے اپنی قربانیوں کے حوالے سے کھل کر بات کی۔اپنے بچوں سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے تینوں بچے میری طاقت کے ستون ہیں۔انہوں نے گھر کو زیادہ وقت نہ دینے پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھار مجھے افسوس ہوتا ہے کہ اگر میں نے کم کام کیا ہوتا، تو شاید میں ان کے ساتھ زیادہ وقت گزار پاتی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چاہے میں ورکنگ لیڈی ہوں پر بچوں کی تربیت میں کوئی کمی نہیں رکھی، ان کی شخصیت میں کوئی تلخی نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں