ڈکیتی مزاحمت پر 2افراد لہولہان،5شہریوں کیساتھ ڈیڑھ کروڑ کا فراڈ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر دو افراد کو گولیاں مار دیں، گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی اور حالات کے ستائے نوجوان نے خود کو گولی مار کر زخمی کر دیا، چالاک افراد نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 5شہریوں سے ڈیڑھ لاکھ ہتھیا لئے’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق جھنگ بازار کے قریب اتھرے ڈاکوئوں نے نقدی چھیننے کے دوران مزاحمت پر محمد عرفان سعید ولد سعید انور سکنہ اسلام نگر کو گولی مار دی۔ اقبال سٹیڈیم کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر احمد کمال سکنہ عثمان کالونی کو گولی مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ جڑانوالہ کے نواحی گائوں 560 گ ب میں گھریلو جھگڑے پر مشتعل شوہر حسن نے فائرنگ کر کے اہلیہ طیبہ کو بری طرح زخمی کر دیا۔ جبکہ تھانہ گلبرگ کے علاقہ رحمان پورہ کا رہائشی 18سالہ فضل ولد علی احمد کا گھر والوں سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تو اس نے خود کو کمرہ میں بند کر کے گولی مار کر بری طرح زخمی کر لیا، فائرنگ کی آواز سن کر اہل خانہ کمرہ میں پہنچے تو وہ خون میں لت پت پڑا تھا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز انکی جانیں بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ علاوہ ازیں جھنگ روڈ کے رہائشی خادم حسین نے بتایا کہ اس سے واقف کار ملزم امیر بخش نے کاروبار کیلئے 41لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی جبکہ کوتوالی روڈ کے تاجر اویس کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم رامش نے 38لاکھ کا مال خرید کر بدلے میں چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا۔ گلستان کالونی کے نوید نے بتایا کہ ملزم ارشد نے کاروبار میں منافع کا لالچ دیکر 23لاکھ کی رقم لیکر رفوچکر ہو گیا۔ ایڈن گارڈن کے دانیال سے ملزم زوہیب نے 30لاکھ اور جھمرہ کے نثار احمد کا کہنا ہے کہ ملزم اعجاز نے 32لاکھ کی گاڑی خرید کر رقم کے بدلے میں چیک دیا جو کہ جعلی نکلے، پولیس نے جعلی چیک دینے والوں کیخلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں