سمن آباد کالج روڈ پر خونی ڈکیتی،نوجوان قتل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ سمن آباد کالج روڈ پر اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولیاں مار کر نوجوان کو مار ڈالا’ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ سمن آباد شیخانوالہ کا رہائشی راشد اقبال ولد محمد اقبال موٹرسائیکل پر لکڑمنڈی جھنگ روڈ سے سمن آباد شیخانوالہ جا رہا تھا کہ جب وہ سمن آباد کالج روڈ پر پہنچا تو مسلح ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر روک کر سب کچھ حوالے کرنے کو کہا تو نقدی اور فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی، گولی راشد اقبال کے پیٹ میں لگی اور وہ خون میں لت پت ہو کر گر پڑا تو اتھرے ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے، مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں