صدر آصف زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاشی پالیسیوں اور معیشت کو مستحکم کرنے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ پر حکومت کی تعریف کی ہے انہوں نے آئندہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کرنے کا بھی کہا صدر نے حکومت کو انتباہ کیا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے یک طرفہ فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتا تجویز کو ترک کیا جائے حکومت کی کچھ یکطرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دبائو کا باعث بن رہی ہیں عوام مہنگائی تلے دبے ہیں پارلیمنٹ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا معیشت کے استحکام کے لیے ہمیں مزید عزم کے ساتھ کام کرنا ہے ملک میں گڈگورننس اور سیاسی استحکام کو فروغ دینا ہے اور اپنے جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے مل کر کام کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ایک سال میں حکومت نے پالیسی ریٹ کو 22فی صد سے کم کر کے 12فی صد کر دیا دیگر معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہمیں عوامی خدمت کے شعبے پر بھرپور توجہ دینا ہو گی ٹیکس کے نظام میں مزید بہتری لانا ہو گی، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دینا ہو گی صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملکی اور علاقائی روابط خوشحال پاکستان کے لیے بنیادی حیثیت کے حامل ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے ہمیں حیاتیاتی تنوع کی بحالی’ تحفظ خوراک’ پانی کی حکمت عملی اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ پر توجہ دینی چاہیے انہوں نے پارلیمنٹ کو دعوت دی کہ آئیے اس پارلیمانی سال کا بہترین استعمال کریں صدر مملکت کا کہنا تھا ملکی اور علاقائی روابط خوشحال پاکستان کے لیے بنیادی حیثیت کے حامل ہیں ایک مضبوط اور موثر ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر’ روڈ نیٹ ورکس اور جدید ریلوے کی ضرورت ہے بلوچستان اور گلگت بلتستان پاکستان کی اسٹرٹیجک سرحدیں ہیں جو ہماری قومی معیشت کیلئے ناگزیر ہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیتا ہوں کہ زراعت کے شعبے کو مستحکم بنائیں زراعت ہماری معیشت کا اہم ستون ہے زرعی شعبے میں جدید طریقے’ بہتر بیج کی تیاری کی ضرورت ہے زرعی تحقیق اور ترقی میں سرمایہ کاری اور زمین کو زیادہ پیداواری بنا کر روزگار کے مواقع پیدا کریں ہمیں پانی کی زیادہ دستیابی اور اس کے مؤثر استعمال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ماہی گیری اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے پاکستان کے دریائوں جھیلوں اور ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کے مزید مواقع موجود ہیں کمرشل سطح پر مویشی پالنے سے روزگار کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں دہشت گردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دیں دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دے سکتے اپنی قوم اور بہادر مسلح افواج کے تعاون سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں،، صدر مملکت آصف زرداری نے موجودہ حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی ہے صدر نے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جو خوش آئند ہے صدر مملکت کی پارلیمنٹ کو قومی مفاد کو مقدم رکھنے ذاتی اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھنے معیشت بحال کرنے جمہوریت کو مضبوط اور قانون کی حکمرانی کیلئے مل کر کام کرنے کی دعوت بلاشبہ وقت کا تقاضا ہے پارلیمنٹ کو صدر مملکت کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے تاکہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ سب شعبوں میں بہتری پیدا کی جائے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے سیاسی قیادتوں کو حکومت اور بہادر افواج کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
