مدینہ میں بس حادثہ،42عمرہ زائرین جاں بحق

مدینہ شریف (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے شہر مدینہ کے قریب ایک بس اور ڈیزل ٹینکر کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 42افراد جاں بحق ہوگئے، مقامی میڈیا کے مطابق بس میں سوار افراد بھارتی عمرہ زائرین تھے جن میں سے بعض حیدرآباد کے رہائشی ہیں۔بھارتی ریاست تلنگانہ کی حکومت نے بتایا کہ وہ ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہے۔سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے نئی دہلی کے اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفارت خانے کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور معاملے کو جلد از جلد حل کریں۔واقعہ رات تقریباً 1بج کر 30منٹ پر پیش آیا جب مفریحات کے نزدیک بس ایک ڈیزل ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ بس میں سوار اکثر مسافر اس وقت سو رہے تھے، جس کی وجہ سے آگ لگنے کے بعد بچنے کے مواقع نہ ہونے کے برابر تھے۔حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے کہا کہ حادثے میں مکہ سے مدینہ جا رہی عمرہ بس میں 42زائرین جاں بحق ہوئے اور انہوں نے مرکزی حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔اویسی نے بتایا کہ انہوں نے بھارتی سفارت خانے کے نائب چیف ابو ماتھن جارج سے رابطہ کیا، جنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ واقعے کی معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔اویسی نے مزید کہا کہ انہوں نے حیدرآباد کی دو ٹریول ایجنسیوں سے بھی رابطہ کیا اور تمام مسافروں کی تفصیلات ریاض کے سفارت خانے اور بھارتی خارجہ سیکرٹری کو فراہم کی ہیں۔انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں بھارت واپس لائے اور اگر کوئی زخمی ہوا ہے تو اسے مناسب طبی امداد فراہم کی جائے۔اسدالدین اویسی نے خاص طور پر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف اور مدد فراہم کی جا سکے۔ریسکیو ٹیموں نے حادثے کے مناظر کو ہولناک قرار دیا اور بتایا کہ بس مکمل طور پر جل چکی تھی، جس کی وجہ سے ہلاک شدگان کی شناخت انتہائی مشکل ہے۔ ایک شخص کے بچ جانے کی اطلاع ہے، تاہم اس کی حالت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں