لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں صفائی آپریشنز کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ریلوے اور کنٹونمنٹ کے منتخب علاقوں کو بھی ستھرا پنجاب پروگرام میں شامل کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر وزیراعلی ذیشان ملک، معاون خصوصی شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام کے تحت یونین کونسلز کی بڑھتی تعداد کے تناظر میں صفائی کے نظام کو مزید موثر بنانے پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے بڑی نجی ہائوسنگ سکیموں کا کوڑا بھی سرکاری نظام کے تحت ڈمپ کرنے پر زور دیا اور ہدایت کی کہ نجی ہائوسنگ سکیموں کو خدمات فراہم کر کے فیس وصول کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے تحت شہر میں 13ہزار بیٹس قائم ہیں اور لاہور میں 10ہزار 500فٹ گلیوں اور سڑکوں کی صفائی کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کو عارضی ڈمپنگ پوائنٹس کے قیام کے لیے سرکاری اراضی کی نشاندہی کی بھی ہدایت دی گئی۔وزیر بلدیات نے کہا کہ گوالہ کالونیوں کے گوبر کو کارآمد بنانے کے لیے بائیوگیس پلانٹس لگائے جائیں گے، جبکہ گوالوں نے فی مویشی فیس ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خالی پلاٹس پر کوڑا پھینکنے سے گریز کریں۔اجلاس میں ٹائون مینیجرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اضافی فنڈز فراہم کرنے اور فیلڈ سپروائزرز کی مانیٹرنگ کا نظام مزید موثر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ سپاٹ چیکنگ کے لیے مسلسل دورے کریں اور غیرحاضری پر کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے ستھرا پنجاب پروگرام کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔




