فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب نے صوبے میں 2026کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔ نئی تقسیم کے تحت صوبے کے تمام اضلاع کو یونین کونسلز، تحصیل کونسلز، میونسپل کمیٹیوں اور ٹائون کارپوریشنز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دستاویزات کے مطابق فیصل آباد میں مجموعی طور پر 446یونین کونسلز بنائی گئی ہیں۔ فیصل آباد کی میونسپل حدود کو پانچ ٹائون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن ختم کردی گئی ہے اور شہر کے لارڈ میئر کا آپشن بھی ختم کردیا گیا ہے۔ میونسپل ایریا کو پانچ چھوٹے ٹائونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ لائلپور ٹائون کی 35، محمد علی جناح ٹائون کی 36، علاقہ اقبال ٹائون کی 34، سمن آباد ٹائون کی 34اور مدینہ ٹائون کی 33یونین کونسلز ہوں گی۔ اور ان پانچوں ٹائونز کی ٹائون کونسل ہوگی جس کا ٹائون چیئرمین منتخب کیا جائے گا۔ ضلع فیصل آباد میں دو میونسپل کارپوریشن بنائی گئی ہیں۔ ایک میونسپل کارپوریشن جڑانوالہ کی ہے جس کی 15یونین کونسلز اور دوسری میونسپل کارپوریشن سمندری کی ہے جس کی 12یونین کونسلز ہوں گی۔ فیصل آباد میں 10میونسپل کمیٹیاں بنائی گئی ہیں۔ میونسپل کمیٹی کھرڑیانوالہ کی 6، میونسپل کمیٹی دھاندرہ کی 6، میونسپل کمیٹی ڈجکوٹ کی 5، میونسپل کمیٹی تاندلیانوالہ کی 4، میونسپل کمیٹی جھمرہ کی 4، میونسپل کمیٹی مکوآنہ کی 4، میونسپل کمیٹی سدھار کی 3، میونسپل کمیٹی ماموں کانجن کی 3، میونسپل کمیٹی بچیانہ کی 2اور میونسپل کمیٹی ستیانہ کی 2یونین کونسل ہوں گی۔ فیصل آباد میں پانچ تحصیل کونسلز بھی بنائی گئی ہیں۔ تحصیل کونسل صدر کی 55، تحصیل کونسل جڑانوالہ کی 64، تحصیل کونسل سمندری کی 30، تحصیل کونسل تاندلیانوالہ کی 39، تحصیل کونسل جھمرہ کی 20یونین کونسل ہوں گی۔ محکمہ بلدیات کے مطابق ان حلقہ بندیوں کا مقصد آبادی کے تناسب سے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی مسائل کا ان کی دہلیز پر حل نکالنا ہے۔ یہ فہرستیں اب متعلقہ اضلاع کے دفاتر میں آویزاں کر دی گئی ہیں۔




