فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلہ میں جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا آئس ڈیلر زوہیب عرف زیبی مارا گیا جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی سرکل آفیسر مدینہ ٹائون سید ارم رضا شاہ’ سرکل آفیسر لائلپور ٹائون صدیق چیمہ’ سرکل آفیسر اقبال ٹائون علی اکرام گورائیہ اور سرکل آفیسر ہیڈ کوارٹرز عمر سرفراز وڑائچ نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ سمانہ روڈ پر دھنولہ کے قریب ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندیاں کر رکھی تھیں۔ اسی دوران مشکوک کار کو رُکنے کا اشارہ کیا تو اس میں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ تاہم سی سی ڈی ٹیموں نے پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر دیکھا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس کی شناخت زوہیب عرف زیبی کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا آئس ڈیلر تھا، مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اسکے تین ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے اور ان کی گاڑی سے بھاری مقدار میں آئس بھی برآمد ہوئی۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




