PHAافسران کی نااہلی،کمشنر ہاؤس روڈ پر پام کے درخت خشک ہونے سے لاکھوں کا نقصان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پی ایچ اے افسران کی نااہلی اور ناقص حکمت عملی’ کمشنرہائوس روڈ پر لگائے گئے پام کے درخت خشک ہونے سے لاکھوں روپے کا نقصان۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے کی جانب سے کچھ عرصہ قبل کمشنرہائوس روڈ پر ہلال احمر چوک سے لیکر میاں ٹرسٹ ہسپتال تک گرین بیلٹ میں 100 کے قریب پام کے درخت لگائے گئے، فی پودا 25ہزار روپے میں خریدا گیا، پی ایچ اے کی جانب سے پودے لگانے کیلئے غلط موسم اور غلط طریقہ کار کے باعث پودوں کی گروتھ نہ ہو سکی اور وہ مرجھا کر خشک ہو گئے جس کے باعث تقریباً قومی خزانہ کو 25لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ پی ایچ اے کے افسران کی نااہلی کی انتہا یہ ہے کہ انہیں پتہ ہی نہیں کہ یہ پودے کس موسم میں لگائے جاتے ہیں اور ان کے لگانے کا طریقہ کار کیا ہے۔ حکومت ایک طرف بجلی کے بلوں میں فکسڈ چارجز لگا کر اور ٹریفک جرمانوں کی مد میں شہریوں سے کروڑوں روپے اکٹھے کر رہی ہے۔ دوسری طرف سرکاری افسران کی ناقص حکمت عملی اور نااہلی کے باعث لاکھوں روپے کے فنڈز ضائع کیے جا رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ناقص حکمت عملی سے لاکھوں روپے کا نقصان کرنے والے پی ایچ اے افسران کے خلاف ایکشن لیں اور انہیں سزا دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں