فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے افسران کی ملی بھگت سے ٹھیکیدار کی طرف سے پیپلزکالونی نمبر1 چھوٹی ڈی گرائونڈ میں نئی تعمیر ہونے والے منج روڈ میں ناقص میٹریل کا استعمال’ تعمیر کے چند روز بعد ہی سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی’ اہل علاقہ کا کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی طرف سے پیپلزکالونی نمبر 1 چھوٹی ڈی گرائونڈ میں لاکھوں روپے کی لاگت سے روڈ کو تعمیر کیا گیا اور چند روز بعد ہی سڑک میں جگہ جگہ دراڑیں پڑ گئیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران ٹھیکیدار کا ٹرک سڑک میں دھنس گیا تھا تو ٹھیکیدار نے اس جگہ کو مضبوط بنانے کی بجائے بجری ریت ڈال کر گڑھے کو پُر کر کے سڑک کی تعمیر کر دی اور کئی مقامات پر سڑک کو صحیح طریقے سے بنایا بھی نہیں گیا’ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے سڑک پر روڈ مارکنگ کر دی اور ٹھیکیدار نے سڑک کی تعمیر میں انتہائی ناقص میٹریل استعمال کیا اور سڑک ایسے لگتی ہے کہ اس کی تعمیر کی بجائے پیچ ورک کیا گیا ہے’ اہل علاقہ نے ٹھیکیدار کو شکایت کی لیکن وہ غائب ہو گیا۔ اہل علاقہ نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلزکالونی نمبر1 چھوٹی ڈی گرائونڈ میں نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا معائنہ کیا جائے۔ ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیدار اور میونسپل کارپوریشن افسران کے خلاف انکوائری عمل میں لائی جائے۔ پیپلزکالونی نمبر1 چھوٹی ڈی گرائونڈ کی مذکورہ منج روڈ کو دوبارہ تعمیر کروایا جائے۔



