فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں خبروں کی اشاعت کے بعد ڈویژنل کمشنر مسرت جبیں اچانک ماڈل کیٹل مارکیٹ نیاموآنہ پہنچ گئیں۔ جہاں انہوں نے بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے دستیاب وسائل کو چیک کیا۔ کمشنر نے کہا کہ اس سے قبل پرائیویٹ ٹھیکیداروں کی طرف سے پارکنگ کی فیسوں کی اوورچارجنگ کی شکایات کو مدنظر رکھ کر اس بار پارکنگ کمپنی کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔انہوں نے ایم ڈی پارکنگ کمپنی کو واضح ہدایات جاری کیں کہ کار وموٹر سائیکل سواروں سے مقررہ فیس ہی وصول کی جائے اس ضمن میں معمولی سی بھی شکایت کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذمہ داران سے کہا کہ جانوروں کی انٹری کے لئے بھی مقررہ فیس کے شیڈول پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بیوپاریوں کو سہولیات کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور انہیں فیس کی اوورچارجنگ کی شکایت نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے علاوہ چاروں اضلاع میں عارضی سیل پوائنٹس پر کوئی انٹری فیس نہیں ہے جہاں پارکنگ کے بہترین انتظامات اور مقررہ فیس پر ہی عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔کمشنر نے بیوپاریوں وخریداروں کے لئے دستیاب سہولیات کو باریک بینی سے چیک کیااورشہریوں کے لئے نصب واٹر کولر کے فعال ہونے کا جائزہ لیا۔انہوں نے موقع پر موجود بیوپاریوں سے ملاقات اورمقررہ فیس وصولی کے بارے میں دریافت کیا۔کمشنر نے لائیو سٹاک کیمپ پر قربانی کے جانوروں کو چیچڑ وکانگو وائرس سے بچائو کے لئے دستیاب ادویات کو بھی چیک کیا۔انہوں نے ویٹرنری ڈاکٹر وعملہ کی حاضری کا جائزہ لیا۔انہوں نے سایہ دارویٹنگ ایریا،صفائی ستھرائی کو چیک کیاجبکہ چھوٹے بڑے جانوروں کے لئے الگ الگ انکلوز بھی دیکھے۔انہوں نے ماڈل کیٹل مارکیٹ میں ریسکیو 1122 کی گاڑی کی دستیابی اور جملہ حفاظتی انتظامات بھی دیکھے۔ انہوں نے جملہ انتظامات کو عید قربان تک برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔




