واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی خبار نے د عویٰ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اب ایران کے خلاف مزید جنگ کا ارادہ نہیں رکھتے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے مشیروں سے کہا ہے جب تک ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں کو نشانہ نہیں بنایاجاتا،تب تک دوبارہ جنگ نہیں ہوگی۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ سفارتی حل کو ترجیح دے رہی ہے اور جنگ کومزید پھیلانا نہیں چاہتی۔ دوسری جانب امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان جنگ بندی پر متفق ہوگئے۔امریکی ثالثی میں واشنگٹن میں ہوئے چوتھے سہ فریقی مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اسرائیل اور لبنان نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے، دونوں ممالک کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہو اہے۔ اسرائیل اور لبنان 22جون کو دوبارہ مذاکرات کریں گے۔دریں ثناء ۔واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات کم کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔ امریکی ایوان نمائندگان میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران جنگ میں اختیارات کم کرنے کی قرارداد کے حق میں 215نمائندگان نے ووٹ ڈالے جبکہ208ووٹ خلاف پڑے,4رپبلکن اراکین نے بھی قرار داد کے حق میں ووٹ ڈالا۔قرارداد کے متن کے مطابق ایران کے خلاف کارروائی کانگریس کی منظوری کے بغیر نہیں ہو سکے گی، امریکی صدر کو جنگ شروع کرنے سے پہلے کانگریس سے منظوری لیناہوگی۔امریکی میڈیا کے مطابق قرارداد کے بعد ایران سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود ہوگئے اوریہ قرار داد امریکی صدر ٹرمپ کیلئے دھچکا ہے۔




