بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور چین کے مختلف اداروں کے درمیان زرعی علوم، تکنیکی تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہو گئے۔گوادر پرو کے مطابق دستخطی تقریب میں پاکستان کے وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے شرکت کی،یہ تقریب چینی تعلیمی اور ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ مختلف ملاقاتوں اور سرگرمیوں کے دوران منعقد ہوئی،ان مفاہمتی یادداشتوں کے تحت مشترکہ تربیتی اور تحقیقی مراکز کے قیام، نصاب کی تیاری، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم، مہارتوں کی تربیت، ٹیکنالوجی کی منتقلی، جدت طرازی میں تعاون اور طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کیا گیا ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ یہ اقدامات وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں کا حصہ ہیں۔




