فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کاروبار میں منافع کا لالچ دیکر بھائی نے دوست سے ملکر بہن کو کنگال کر دیا، منافع دیا نہ رقم واپس کی’ مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو کہ بوگس نکلا۔ ستیانہ روڈ کی رہائشی عنبرین اعجاز نے بٹالہ کالونی پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ اس کا بھائی شیخ ابرار اپنے دوست ارسلان اکمل کے ساتھ گاڑیوں کی خرید وفروخت کا کاروبار کر رہا تھا اور کچھ عرصہ قبل بھائی شیخ ابرار اس کے پاس آیا اور کہا کہ گاڑیوں کی خرید وفروخت کے کاروبار میں انویسٹمنٹ کرو، اچھا منافع مل جائے گا اور اس نے بھائی کی باتوں میں آ کر 12لاکھ کی جمع پونجی بھائی کو دے دی۔ بعدازاں حسب معاہدہ انہوں نے منافع دیا نہ رقم واپس کی۔ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد رقم کے بدلے میں چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا۔ جس پر بٹالہ کالونی پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے خاتون کی مدعیت میں سگے بھائی اور اس کے دوست کیخلاف جعلی چیک دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔




