فیسکو اور PHAکا عدم تعاون،میٹرو بس منصوبہ کا تعمیراتی کام سست روی کا شکار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیسکو اور پی ایچ اے کے عدم تعاون سے میٹروبس روٹ کی تعمیر کا منصوبہ سست روی کا شکار’ فیسکو کی جانب سے میٹروبس روٹ پر بجلی کے کھمبے اور تاروں کی منتقلی اور پی ایچ اے کی طرف سے روٹ پر درختوں کی شفٹنگ بھی انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ جس کے باعث 24 گھنٹے تعمیراتی کام کے باوجود میٹروبس روٹس کی تعمیر میں تیزی نہیں آ رہی۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں میگاپراجیکٹ 18ماہ میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں اور اس سلسلہ میں ٹھیکیدار نے جڑانوالہ روڈ پر فیصل ٹائون اور جھنگ روڈ پر طاہرآباد سے میٹروبس ٹریک پر چوبیس گھنٹے تین شفٹوں میں کام جاری ہے اور روٹ کے دونوں اطراف ہیوی مشینری کے ذریعے ڈرلنگ اور سائٹ آفس پر پلرز کی تعمیر کا کام جاری ہے، لیکن وفاقی محکمہ فیسکو اور صوبائی حکومت پی ایچ اے کی جانب سے ٹھیکیدار کے ساتھ عدم تعاون کی وجہ سے رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں فیسکو انتظامیہ میٹرو روٹ سے بجلی کے پولز اور تاروں کو ہٹانے میں انتہائی سست روی سے کام لے رہی ہے اور اسی طرح پی ایچ اے انتظامیہ بھی میٹروبس روٹ پر آنے والے درختوں اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنے میں ٹھیکیدار سے تعاون کرنے سے گریزاں نظر آتی ہے۔ جسکی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب کے 80ارب کی گرانٹ کے اس میگاپراجیکٹ مقررہ وقت تک مکمل ہوتی نظر نہیں آ رہا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اس میگاپراجیکٹ کی تکمیل کیلئے تمام وفاقی وصوبائی محکموں کو باہمی تعاون سے مکمل کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔ اگر فیسکو اور پی ایچ اے کے عملہ نے اپنی روش تبدیل نہ کی اور بروقت روٹ پر قائم رکاوٹوں کو دور نہ کیا تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا میٹروبس منصوبہ کی تعمیر کا خواب مقررہ وقت میں شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں