فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جھنگ روڈ پر گودام میں چھاپہ مار کر نیشنل فوڈ کے 1310کلو گرام جعلی مصالحہ جات برآمد کر لئے، مالک گرفتار، گودام کو سیل کردیا۔ تفصیل کے مطابق فوڈ سیفٹی آفیسر احسن محمود کو اطلاع ملی تھی کہ جھنگ روڈ پر ایم سی گرلز ہائی سکول میں واقع ایم اے ٹریڈر زکے گودام پر چھاپہ مارا تو وہاں پر وسیع پیمانے پر نیشنل فوڈ کے جعلی مصالحہ جات کی پیکنگ کا کام کیا جا رہا تھا ، جھنگ روڈ پر نیشنل فوڈز کے نمائندہ وقار احمد کو طلب کر کے معائنہ کروایا تو مصالحہ جات جعلی نکلے ، جس پرنیشنل فوڈ کے جعلی بریانی مصالحہ40کلو، قورمہ مصالحہ کے115کلو، کڑھائی مصالحہ 190کلو، اچار گوشت مصالحہ160کلو، فش مصالحہ 180کلو، ملائی بوٹی مصالحہ 10کلو، نیشنل بریانی ساشے300کلو، تکہ ساشے250کلو، بریانی ساشے 60کلو، نیشنل بریانی40کلو، نیشنل قورمہ40کلو، اچار گوشت20کلو، چاٹ مصالحہ20کلو اور مشینری اور دیگر سامان قبضہ میں لے کر گودام کو سیل کردیا، گودام کے مالک تمہید انور کو قابو کر کے حوالہ پولیس کردیا جبکہ دو ساھی شاہد اکرم ، محمد اکرم موقع سے فرار ہو گئے، جھنگ روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔




