فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سفاک ملزمان محنت کش کے 10سالہ لڑکے کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر کے نعش خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے سفاک قاتلوں کی تلاش شروع کر دی، نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ والدین غم سے نڈھال، علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی، بتایا جاتا ہے کہ تھانہ صدر کے علاقہ جڑانوالہ روڈ 215ر۔ب رحمان پورہ کے رہائشی محمد پرویز ولد لیاقت کا 10سالہ بیٹا بلال احمد دو روز قبل بجلی گھر سٹاپ سے برف لینے گیا واپس نہ آیا۔لواحقین نے مسجد میں اعلانات کروائے اور تلاش کے باوجود نہ مل سکا۔ گزشتہ شام بچے کی نعش سہیل اختر کے خالی پلاٹ میں درخت کے نیچے پڑی مل گئی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لے لیا، پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم ملزمان نے بلال کو اغوا کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا کر گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار کر نعش خالی پلاٹ میں پھینک دی ، تاہم پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اغوا و قتل اور زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے بھیڑیا صفت قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔




