سونے کی قیمت میں کمی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جس کی بڑی وجہ سرمایہ کاروں کیجانب سے حالیہ تیزی کے بعد منافع وصول کرنا ہے،سونے کی قیمت دو ماہ سے زائد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد نیچے آئی۔رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد کمی کے ساتھ 4,486.69 ڈالر فی اونس رہی، اس سے قبل سونے کی قیمت 4,525.79 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی، جو 2 جون کے بعد بلند ترین سطح تھی، گزشتہ روز سونے کی قیمت میں 4 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا۔امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,553.30 ڈالر فی اونس ہوگئی۔سونے کی حالیہ تیزی کی ایک اہم وجہ امریکی محکمہ خزانہ کا طویل مدتی بانڈز کے لیے لیکویڈیٹی سپورٹ بڑھانے کا اعلان تھا،اس اعلان کے بعد امریکی ڈالر کمزور ہوا جبکہ امریکی ٹریژری بانڈز کی ییلڈز میں کمی آئی، جس سے سونے کو تقویت ملی،امریکی ڈالر بھی تین ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہا۔ٹیسٹی لائیو(Tastylive) کے عالمی میکرو سربراہ ایلیا اسپیوک کے مطابق سونے میں بڑی تیزی کے بعد مارکیٹ میں کچھ منافع وصولی فطری ہے،ان کا کہنا تھا کہ اگر سونے کی قیمت 4,400 سے 4,500 ڈالر کی حد سے اوپر برقرار رہتی ہے تو اس میں مزید اضافے کی رفتار جاری رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب امریکا کا مجموعی قرض پہلی مرتبہ 40 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، جس سے ملک کی مالیاتی صورتحال اور ممکنہ مالی بحران کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ماہرین کے مطابق امریکی قرض اور مالیاتی استحکام سے متعلق بڑھتی تشویش سونے کے لیے مثبت اشارہ ہے، کیونکہ ایسے حالات میں سرمایہ کار سونے کو نسبتا محفوظ اثاثہ سمجھتے ہیں۔ادھر امریکی فیڈرل ریزرو کے گزشتہ ماہ ہونے والے اجلاس کی تفصیلات سے ظاہر ہوا کہ مہنگائی کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے اور کئی عہدیدار شرح سود بڑھانے کے حق میں تھے۔مارکیٹ میں اس وقت ستمبر کے اجلاس میں امریکی فیڈ کی جانب سے شرح سود برقرار رکھنے کے امکانات 67 فیصد جبکہ شرح سود میں اضافے کے امکانات 33 فیصد بتائے جا رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق بلند شرح سود عام طور پر ایسے اثاثے کی کشش کم کرتی ہے جو کوئی منافع یا سود فراہم نہیں کرتا، جیسے سونا۔دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ چاندی 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 67.07 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ پلاٹینم 1.3 فیصد کمی کے بعد 1,802.29 ڈالر اور پیلیڈیم 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 1,328.06 ڈالر فی اونس پر آگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں