پسماندہ علاقوں میں ترقی کی راہیں مضبوط پنجاب کی بنیاد بن سکتا ہے (اداریہ)

پسماندہ اور محرومی کا شکار علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ایسے علاقوں میں بنیادی سہولیات اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات خوش آئند ہیں۔ ترقی کا اصل مقصد یہی ہے کہ شہری اور دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ دور افتادہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کے عوام کو بھی بہتر زندگی کی سہولیات میسر آئیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مظفر گڑھ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے مظفرگڑھ میں الیکٹروبس اور صاف پانی پراجیکٹ شروع کرانے پر شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعوئوں کی بجائے عوام کی حقیقی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنا اولین ترجیح ہے۔ جنوبی پنجاب میں گزشتہ برس سیلاب آنے پر خود ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پسماندہ اور محرومی کا شکار علاقوں کے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا سب سے بڑی خوشی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر میگا پراجیکٹ کا آغاز جنوبی پنجاب سے کر کے شاندار مثال قائم کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی بے لوث خدمت نے جنوبی پنجاب کے عوام کے دل جیت لئے۔ مریم نواز شریف نے خصوصی توجہ دے کر پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی قسمت بدل دی ہے۔ چیف منسٹر لوکل روڈ پروگرام کے تحت ضلع مظفرگڑھ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت سے عوام مستفید بھی ہو رہے ہیں۔ راولپنڈی’ اٹک اور گجرات سے رابطہ کر کے بارش کے دوران ہی تیز ترین نکاسی آب آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کی سہولت کے پیش نظر نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور نالہ لئی میں برساتی طغیانی کے پیش نظر بہترین حفاظتی اقدامات کا حکم بھی دیا۔ محروم علاقوں میں سڑکیں’ صحت’ تعلیم’ صاف پانی’ بجلی اور روزگار کے مواقع کی فراہمی نہ صرف عوام کے مسائل کم کرتی ہے بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ترقیاتی منصوبوں کا انتخاب آبادی کی ضروریات اور محرومی کی سطح کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے۔ خصوصاً ایسے علاقوں پر توجہ دی جائے جہاں کئی دہائیوں سے بنیادی سہولیات کا فقدان چلا آ رہا ہے۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی عوام میں احساس شمولیت پیدا کر سکتی ہے۔ پنجاب کی مجموعی ترقی اسی وقت حقیقی معنوں میں ممکن ہے جب اس کے پسماندہ علاقوں کے عوام بھی ترقی کے ثمرات سے یکساں مستفید ہوں، حکومت کے موجودہ اقدامات کو مستقل پالیسی’ شفاف نگرانی اور بروقت تکمیل کے ذریعے مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ محرومیوں کا خاتمہ اور دور افتادہ علاقوں میں ترقی کی راہیں ہموار کرنا ایک مضبوط’ خوشحال اور متوازن پنجاب کی بنیاد بن سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں