ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت اور امن و امان کے قیام کے وژن کے تحت 12ربیع الاول، ولادتِ باسعادتِ رسولِ اکرم ۖ کے سلسلہ میں ضلع بھر میں انتظامی و دیگر ضروری انتظامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کو اپنی اپنی تحصیلوں میں جلوسوں کے روٹس اور دیگر انتظاما ت بروقت مکمل کرنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں12ربیع الاول کے جلوسوں کے روٹس کا خود معائنہ کریں اور درپیش مسائل کو فوری طور پر دور کروایا جائے۔ جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی مرمت اور پیچ ورک سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں جبکہ لٹکتی اور ڈھیلی بجلی کی تاروں کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے۔بلدیاتی اداروں کو جلوسوں کے روٹس اور ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کرنے، ملبہ اور تعمیراتی سامان ہٹانے، تجاوزات کا خاتمہ کرنے اور عوامی مقامات سے وال چاکنگ سمیت قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے جاری تعمیراتی کاموں کے دوران حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور امن کمیٹی کے اراکین و مقامی عمائدین سے موثر رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔ مساجد اور نجی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور چراغاں کے انتظامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔انہوں نے ائمہ مساجد اور خطباسے رابطہ کرکے 12 ربیع الاول، ولادتِ باسعادتِ رسولِ اکرم ۖ کے موقع پر اتحاد، اخوت، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ربیع الاول کے دوران صورتحال کی مسلسل نگرانی کے لیے تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔




