سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مقرر کردہ کے پی آئیز پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام تحصیلوں کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جائے اور اہداف کے حصول کے ساتھ شہری سہولیات میں بھی واضح بہتری لائی جائے۔ وہ ضلعی انتظامی امور، وزیراعلیٰ پنجاب کے پی آئیز اور مختلف عوامی سہولیات سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بس ٹرمینلز پر پانی، پنکھوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے معائنے، قبرستانوں اور میرج ہالز کی نگرانی، اسٹریٹ لائٹس کی فعالیت، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، سڑکوں اور چوکوں کی بہتری اور زیبرا کراسنگ کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے مین ہولز کو محفوظ بنانے کے لیے ان کی درجہ بندی کرتے ہوئے گہرے اور خطرناک مین ہولز کو ترجیحی بنیادوں پر کور کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سڑکوں کی بحالی و بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خیام چوک فلائی اوور، گل والا روڈ اور ٹاہلی چوک روڈ سمیت اہم شاہراہوں کی بہتری کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کا کہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحصیلوں کے داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت اور بہتر بنایا جائے، اہم چوکوں کی تزئین و بحالی کی جائے اور کامیاب عملی اقدامات کو دیگر علاقوں میں بھی بطور ماڈل اپنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے، آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اور انسداد تجاوزات آپریشنز کو تیز کرنیکی ہدایت کی۔




