ساہیوال (بیورو چیف)سپیشل جج اینٹی کرپشن ساہیوال ڈویژن محمد مسعود حسین نے پولیس فرنٹ ڈیسک ملازم علی رضا کو رشوت لینے کے جرم میں 9 سال قید سخت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔استغاثہ کے مطابق تھانہ گوگیرہ کے سینئر اسسٹنٹ فرنٹ ڈیسک علی رضا کو رشوت لیتے ہوئے اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا اور ملزم کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد ہوئے تھے۔ سرکل اوکاڑہ اینٹی کرپشن نے ملزم کے خلاف مقدمہ 161 تعزیر ا ت پاکستان اور 5/2/47پی سی اے کے تحت درج کر کے اسے جیل بھیج دیا تھا۔ عدالت نے 5/2/47 پی سی اے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 7سال قید سخت جبکہ دفعہ 161 تعزیرات پاکستان کے تحت 2سال قید سخت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ دونوں سزائیں ایک ساتھ شروع ہوں گی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 3 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔




