اسلام آباد (بیوروچیف) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس وصولی کے نظام میں مزید توسیع کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت آئرن اور سٹیل مینوفیکچررز سے بجلی کے استعمال پر سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ایف بی آر کے مطابق سٹیل مینوفیکچررز پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا، جبکہ نئے شامل کیے گئے 5 سٹیل یونٹس کے ساتھ دیگر یونٹس کے متعلقہ بجلی ریفرنس نمبرز بھی درج کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق سٹیل یونٹس کے ڈسکوز کی تفصیلات ایف بی آر آرڈر میں شامل کی جائیں گی، جبکہ نئے ٹیکس دہندگان کی اہلیت مقررہ ایس آر او کے معیار کے تحت طے کی جائے گی۔ایف بی آر کے مطابق فیلڈ فارمیشنز کے سربراہان بجلی یونٹس کے استعمال کی بنیاد پر ٹیکس دہندگان کی اہلیت کا تعین کریں گے، جبکہ مخصوص ایچ ایس کوڈز کے تحت سکریپ درآمد کو بھی اہلیت کے تعین میں مدنظر رکھا جائیگا۔ایف بی آر وقتا فوقتا سٹیل مینوفیکچررز کی فہرست میں ترمیم یا مزید ٹیکس دہندگان کو شامل کر سکے گا، جبکہ متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی سفارش پر بھی فہر ست میں تبدیلی کی جا سکے گی۔حکام کے مطابق ایف بی آر یا متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کسی بھی رجسٹرڈ ٹیکس دہندہ کی اہلیت کا آزادانہ جائزہ لے سکیں گی۔، جبکہ آئرن اور سٹیل مینوفیکچررز کے لیے بجلی کے استعمال پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس کا اطلاق جاری رہے گا۔




