صنعا(مانیٹرنگ ڈیسک)حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ یمن پر گزشتہ 48گھنٹوں میں سعودیہ کی جانب سے129فضائی حملے کیے گئے ہیں۔حوثی باغیوں کے مطابق یمن کے مختلف علاقوں پر کیے گئے حملوں کا سعودی عرب کو جواب دیا جائے گا، حوثیوں نے نصف گھنٹے تک یمن کی فوج سے لڑائی کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔روسی میڈیا کے مطابق محاذ چھوڑ کر بھاگنے والوں پر حوثی باغیوں نے حملہ کرکے ان کی گاڑیوں کو آگ لگا دی، واقعے میں ہونے والے جانی نقصان سے متعلق تاحال کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔دریں ثناء ۔ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے جنوبی علاقے جازان میں یمن کے حوثیوں کی جانب سے داغا گیا۔ ایک پروجیکٹائل گرنے سے 2 افراد زخمی جبکہ ایک مسجد سمیت متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حملے کے بعد امدادی ٹیموں نے جازان کے علاقے الطوال میں کارروائیاں کیں، مملکت نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کو بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب حالیہ دنوں میں جنوبی سعودی عرب میں حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔منگل کے روز ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے۔دریں ثناء ۔واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) حوثیوں کی پیش قدمی، ٹرمپ نئی مشکل میں پھنس گئے۔امریکی صدر پہلے ہی ایران جنگ سے نکلنے اور گرتی مقبولیت سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اب انہیں امریکی فوج استعمال کرنے یا سعودیہ و اتحادیوں کو تنہا مقابلہ کرنے دینے کا مشکل انتخاب درپیش ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران سے منسلک حوثیوں کی یمن کے ساحلی علاقوں میں تیز رفتار پیش قدمی نے امریکا کو نئی مشکل سے دوچار کردیا ہے، کیونکہ حوثی بحیرہ احمر کے اہم آبی راستے باب المندب پر کنٹرول مضبوط کرنے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔




