نارووال( نامہ نگار)پولیس کا جعلی، کلون، ٹیمپرڈ و غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور بلا نمبر موٹر سائیکلوں و گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون جاری،مزید 15 مقدمات درج، موٹر سائیکلیں بند اورملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال ملک نوید کی ہدایت پرنارووال پولیس، سیف سٹی اور ٹریفک پولیس کا جعلی، کلون، ٹیمپرڈ، غیر نمونہ نمبر پلیٹس و بلا نمبری موٹر سائیکل و گاڑیوں کے خلاف مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ کریک ڈائون کے تسلسل میں گزشتہ روز مزید کارروائیاں کرتے ہوئے 13 مقدمات درج کرکے موٹر سائیکلیں بند کر دی گئیں جبکہ10ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ مشترکہ کارروائیوں کے دوران تھانہ صدر نارووال میں 05مقدمات درج اور تھانہ سٹی نارووال میں 08 مقدمات درج کیے گئے۔ ان میں رجسٹریشن نمبر نامکمل ظاہر کرنے، ہندسوں پر ٹیپ لگا کر شناخت چھپانے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے اور بلا نمبر موٹر سائیکل چلانے کے مقدمات شامل ہیں۔ ایسی موٹر سائیکلیں اکثر مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال ہوتی ہیں، جبکہ نمبر پلیٹس میں ردوبدل ان کی شناخت اور سراغ رسانی میں رکاوٹ بنتا ہے۔ کریک ڈائون کا مقصد جرائم کا انسداد، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔ شہری اپنی موٹر سائیکلوں پر مقررہ نمونے کے مطابق واضح اور مکمل رجسٹریشن نمبر والی نمبر پلیٹس استعمال کریں۔ نمبر پلیٹ کے ہندسوں پر ٹیپ لگانے، انہیں چھپانے یا تبدیل کرنے اور غلط نمبر پلیٹ استعمال کرنے سے گریز کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔




