لاہور(بیوروچیف) ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 2 سے 8نومبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران ملک بھر کے منتخب اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق مہم کے دوران پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطر ے پلائیں گے۔صوبہ وار تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 13منتخب اضلاع میں 92لاکھ 78ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ سندھ کے 20منتخب اضلاع میں 68لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا کے 27 منتخب اضلاع میں 48 لاکھ 8 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ بلوچستان کے 31 منتخب اضلاع میں 22 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں کو اس مہم کے دوران حفاظتی قطرے پلانے کا منصوبہ ہے۔اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔گلگت بلتستان کے 3 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد بچوں جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے 2 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا اور ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کی کوششوں کو مزید موثر بنانا ہے۔والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں۔




