لاہور(بیورو چیف)فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کی جانب سے گھریلو الیکٹرانکس، چمڑے، کاغذ و بورڈ اور تیل و گھی کے شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے آلات کی خریداری 30اکتوبر تک مکمل کر لی جائے گی ۔رپورٹ کے مطابق چینی، سیمنٹ، تمباکو، ٹائلز ، کھاد کی صنعتوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم مکمل طور پر نصب کر دیا گیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل، پیک شدہ پانی، پیک شدہ جوس اور پیک شدہ دودھ کے شعبوں میں آلات کی تنصیب کا عمل جاری ہے ۔رپورٹ کے مطابق اسٹیل، پولٹری اور ٹائرز کے شعبوں کے لیے آلات کی خریداری مکمل کرلی گئی۔چائے، گھریلو الیکٹرانکس، چمڑے، کاغذ و بورڈ اور تیل و گھی کے شعبوں کے لیے آلات کی خریداری 30 اکتوبر تک مکمل کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق اصل اور ممکنہ ٹیکس وصولیوں کے درمیان فرق کم کرنے کی کوششوں کے تحت بڑے صنعتی شعبوں میں فروخت اور پیداوار کی نگرانی کا عمل دسمبر کے اختتا م تک مکمل کرلیا جائیگا۔ 18شعبوں میں تقریباً ایک ہزار ارب روپے کا ٹیکس گیپ موجود ہے۔




