لندن (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں پہلی مجموعی پک کے طور پر کنڈھار واریئرز نے منتخب کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محمد عامر نے اس ٹورنامنٹ کے لیے برطانوی شہری کی حیثیت سے رجسٹریشن کرائی تھی، تاہم ڈرافٹ رجسٹریشن میں ان کی رہائش پاکستان درج ہے۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ڈرافٹ میں 34 سالہ فاسٹ بولر کو پلاٹینم کیٹیگری میں چنا گیا جس کے تحت انہیں ایک لاکھ ڈالر معاوضہ ملے گا وہ ٹیم میں افغانستان کے تجربہ کار آل رائونڈر محمد نبی، انگلینڈ کے بیٹر جو کلارک اور جنوبی افریقا کے ڈیوائن پریٹوریئس کے ساتھ کھیلیں گے۔محمد عامر نے رواں سال مئی میں برطانوی شہریت حاصل کی تھی، اس حیثیت کے باعث انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی لینے کی ضرورت پیش نہ آنے کا امکان ہے۔عامر پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ان کا آخری بین الاقوامی میچ جون 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تھا۔




