لاہور (سپورٹس نیوز ) ڈاکٹر نعمان نیاز نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں این سی اے میں جاری ترقیاتی کاموں اور جدید تربیتی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نعمان نیاز نے اکیڈمی میں قائم جدید جم، بائیو مکینکس لیبارٹری اور دیگر تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا اور کھلاڑیوں کے لیے جدید ٹریننگ اور ریکوری سہولیات کی فراہمی کو سراہا۔ ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ این سی اے میں ہونے والی تبدیلیاں شاندار ہیں اور امید ہے کہ ترقی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ کھلاڑیوں کو ایک ہی چھت تلے ٹریننگ اور ریکوری کی سہولیات فراہم کرنا بہترین منصوبہ ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید مغل نے انہیں کھلاڑیوں کی جسمانی کارکردگی جانچنے کے جدید ٹیسٹنگ سسٹم پر بریفنگ دی۔ڈاکٹر نعمان نیاز نے ملک بھر کے کوچز کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے لیکچرز اور سیمینارز کے انعقاد کے منصوبے کو بھی سراہا۔ انہیں فیصل آباد اور سیالکوٹ میں کرکٹ کے جدید انفراسٹرکچر اور سہولیات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔




